جموں،:نا ساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں صوبے میں منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول بند ہیں۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نے اپنے ایک حکم نامے میں کہا کہ ’’خراب موسمی حالات کے پیش نظر یہ حکم دیا جاتا ہے کہ جموں صوبےکے تمام سرکاری اور نجی اسکول 19 اگست 2025 یعنی منگل تک بند رہیں گے‘‘۔
واضح رہے کہ جموں صوبے میں خراب موسمی حالت کے پیش نظر پیر کو بھی تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکول احتیاط کے طورپر بند رہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے لئےگرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے 17 اگست سے 19 اگست تک الرٹ جاری کیا تھا۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران جموں، ریاسی، اودھم پور، راجوری، پونچھ، سانبہ، کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اور وادی کشمیر کے کچھ حصے سیلابی ریلوں، زمین کھسکنے اور بادل پھٹنے کے خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
یو این آئی ایم