بدھ, اگست ۶, ۲۰۲۵
28 C
Srinagar

جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کے لیے تمام پارٹیوں کی حمایت ضروری :وزیر اعلیٰ 

سرینگر،: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں بڑی تعداد میں ارکان رکھنے والی تمام سیاسی جماعتوں کو خط لکھا ہے، جس میں ان سے خطے کے لیے ریاستی درجہ بحال کرنے کی حمایت کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ بحال کرنے کا وعدہ جموں و کشمیر کے عوام سے عوامی جلسوں میں، پارلیمنٹ میں، اور سپریم کورٹ کے سامنے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جانا چاہیے تاکہ موجودہ اجلاس میں بل پاس ہو سکے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ اس معاملے پر 8 اگست کو سپریم کورٹ میں سماعت ہے، اور ریاستی درجہ جلد از جلد بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال گزر چکے ہیں لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اور اگر حکومت اقدام نہ کرے تو عدالت کو چاہیے کہ اس وعدے کو پورا کروائے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات اس لیے ہوئے کیونکہ سپریم کورٹ نے اس عمل کے لیے ایک ٹائم لائن طے کی تھی اور میں آج آپ سے وزیر اعلیٰ کے بطور بات کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ بحال کرنے کے لیے بھی اسی قسم کا طریقہ کار اپنانا چاہیے۔

سیکیورٹی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے، عمر عبداللہ نے کہا کہ 22 اپریل کے حملے کے بعد صورتحال بدل چکی ہے ،جو حالات تھے ،وہ حالات ہے نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال تقریباً 4 لاکھ یاتریوں نے بالتل اور پہلگام کے راستوں سے امرناتھ یاترا مکمل کی، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر سے سیاح دوبارہ اس خطے کا رخ کریں گے۔

عمر عبداللہ نے رامبن اور اتراکھنڈ میں حالیہ واقعات کا بھی حوالہ دیا اور انہیں بدلتے موسم، جنگلات کی کٹائی، اور پہاڑوں کی کھدائی سے جوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں جموں و کشمیر جیسے پہاڑی علاقوں کے لیے خطرہ ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت اتراکھنڈ میں حالیہ واقعے کے بعد وہاں کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

Ask ChatGPT

Popular Categories

spot_imgspot_img