منگل, اگست ۵, ۲۰۲۵
25.8 C
Srinagar

جموں میں ڈکیٹی کا معاملہ حل، 4 گرفتار، نقدی رقم اور ہتھیار بر آمد:پولیس

جموں،: جموں پولیس نے ڈکیٹی کے ایک معاملے کو حل کرکے چار ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور تیز دھار والے ہتھیار اور کچھ نقدی رقم بر آمد کی ہے ۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 26 جولائی کو شکایت کنندہ نے مقامی نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس پر دن دہاڑے حملہ کیا گیا اور اس کو لوٹ لیا گیا ۔

انہوں نے کہا ’شکایت کنندہ کے بیان کے مطابق اسی روز دن کے قریب سوا تین بجے جب وہ اسکوٹی سے نروال منڈی کی طرف جا رہا تھا کہ اسکوٹی اور موٹر سائیکل پر سوار 5 سے 6 افراد پر مشتمل ایک گروپ نے اس کا پیچھا کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ ملزموں نے گجر نگر سے قاسم نگر تک اس کا پیچھا کیا اور وہاں فارسٹ پوسٹ کے نزدیک اس کو زبردستی روکا اور تیز دھار ہتھیار کا استعمال کرکے اس سے 30 ہزار روپیے چھین لئے اور اس واقعے کے دوران اس کو زخمی بھی کر دیا۔‘

بیان میں کہا گیا ’اس اطلاع پر تیزی سے عمل کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن باغ بہو نے شکایت کنندہ کو حقائق کی ویریفکیشن کے لئے طلب کیا اور اس کے تفصیلی بیان کو ریکارڈ کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ بعد میں اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ سی سی ٹی کیمرے اور مقامی ذرائع سے حاصل شدہ معتبر انفارمیشن کی مدد سے 6 افراد کی نشاندہی کی گئی جن کی شناخت ابھی شرما ولد شام لال ساکن شاہ آباد کالونی باغ بہو، مصور ولد خالد رشید ساکن جوگی گیٹ جموں، عادل ولد خورشید احمد، ساکن شہیدی چوک، جگجوت سنگھ عرف کرن ولد اندر راج سنگھ ساکن تر کوٹہ نگر ایکسٹنشن حال محمود پور کے طور پر ہوئی ہے جبکہ مزید دو نابالغ ہیں، جن کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان میں سے چار ملزموں،جن کے نام ظاہر کئے گئے ہیں، کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے چھینی گئی رقم میں سے 12 ہزار روپے اور اس جرم میں استعمال کئے جانے والے تیز دھار والے ہتھیاروں کو بھی بر آمد کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملزموں کی اسکوٹی اور موٹر سائیکل کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن کے نام ظاہر نہیں کئے گئے ہیں ان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ نابالغ ہیں اور ان کے اس جرم میں ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img