جمعہ, اکتوبر ۳, ۲۰۲۵
17.3 C
Srinagar

ریونیو فراڈ کیس میں چار گرفتار، تحصیلدار سمیت تین ملزمان تاحال مفرور

سرینگر، : کرائم برانچ کشمیر کی اکنامک آفینسز ونگ نے پیر کو ایک اہم بدعنوانی کیس میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کیس میں جعلسازی، جھوٹے اندراجات، اور سرکاری ریونیو ریکارڈ میں دھوکہ دہی شامل ہے۔ کیس ایف آئی آر نمبر 14/2025 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں سات افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں دو ریونیو افسران بھی شامل ہیں۔ ان پر سرینگر اور بڈگام اضلاع میں زمین مالکان کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام ہے۔

کرائم برانچ کشمیر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق، مستند شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کے دوران سات میں سے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کیس کی تحقیقات رنبیر پینل کوڈ کی دفعات 167، 420، 120-بی اور جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی ایکٹ 2006 کی دفعہ 5(2) کے تحت کی جا رہی ہے۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں شامل ہیں:ریاض احمد بھٹ ولد غلام محمد بھٹ ساکن نوگام سرینگر،محمد شفی لون عرف شَف چینی ولد عبدالاحد لون ساکن پیر باغ سرینگر،شہنواز احمد راثَر ولد نور محمد راثَر ساکن پادشاہی باغ سرینگر،اور شبیر احمد وانی ولد محمد اسماعیل وانی ساکن بگندر لَسجن۔

ذرائع کے مطابق، ملزمان ایک منظم گروہ کا حصہ تھے جو سرکاری اراضی ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کرکے جعلی ملکیت کے دعوے اور غیر قانونی طریقے سے جائیداد کی منتقلی کرتے تھے۔ اس دھوکہ دہی سے کئی بے گناہ افراد کو مالی نقصان اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تین مفرور ملزمان میں ایک حاضر سروس تحصیلدار، محترمہ نُصرت عزیز دختر عبدالعزیز لون ساکن گریز حال مقیم مہجور نگر سرینگر شامل ہیں۔ ان کی ضمانت کی درخواست معزز عدالت انسداد بدعنوانی سرینگر نے مسترد کر دی ہے۔ نُصرت عزیز چار دیگر ایف آئی آرز میں بھی ملوث ہیں، جن میں دو کرائم برانچ اور دو اینٹی کرپشن بیورو کشمیر کے ساتھ درج ہیں۔

دیگر مفرور ملزمان میں شامل ہیں عاشق علی ولد غلام رسول خان ساکن پَنر جاگیر حال مقیم حول سرینگر، جو اس وقت کے پٹواری بلہامہ سرینگر تھے؛ اور شمیمہ اختر زوجہ محمد شفی لون ساکن گوری پورہ راولپورہ۔

کرائم برانچ حکام نے تصدیق کی ہے کہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ تحقیقات کا عمل جاری ہے، اور حکام اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اسے حالیہ دنوں میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں بدعنوانی کے سنگین ترین مقدمات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

کے این ٹی 

Popular Categories

spot_imgspot_img