منگل, اگست ۵, ۲۰۲۵
25.8 C
Srinagar

صحیح وقت آنے پر ریاستی درجہ ضرور بحال کیا جائے گا:اشوک کول

سری نگر: بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی قیادت جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے تیار ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا: ‘صحیح وقت آنے پر ریاستی درجہ ضرور بحال کیا جائے گا’۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک تقریب سے الگ ہٹ کر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ‘اپوزیشن لگاتار پارلیمنٹ سیشن میں رخنہ ڈال کر کارروائیوں کو خراب کر رہی ہے، اس سے ملک میں اس کا وقار خراب ہو رہا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘سرکار آپریشن سندور پر بات کرنے کے لئے تیار ہے، بلکہ سرکار نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کتنے گھنٹے اس پر بات کریں گے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن کارروائیوں میں رخنہ ڈال رہی ہے جو کانگریس کی عادت رہی ہے’۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پارلیمنٹ سے امیدیں وابستہ ہوتی ہیں کہ ان کے مسائل پر بات ہوگی اور ان کو حل کیا جائے گا۔

ایک سول کے جواب میں مسٹر کول نے کہا کہ کانگریس ریاستی درجے کی بحالی کے لئے احتجاج میں نیشنل کانفرنس کو ساتھ نہیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہا: ‘کانگریس ان لوگوں کو ساتھ نہیں لے رہی ہے جن کے ساتھ اس کا اتحاد ہے، تو مجھے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ وہ کس کے لئے ریاستی درجہ مانگ رہی ہے’۔ان کا کہنا تھا: بی جے پی قیادت ریاستی درجے کی بحالی کے لئے تیار ہے لیکن صحیح وقت آنے پر ایسا ضرور کیا جائے گا، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے بار بار ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے اور پارلیمنٹ میں بھی یہ وعدہ کیا گیا ہے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img