جموں: محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے 72 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے بیچ جموں صوبے میں ضلعی حکام نے حفاظتی ایڈوائزری جاری کی ہے اور راجوری اور ریاسی اضلاع میں اسکولوں کو منگل کے روز احتیاطی طور پر بند رکھا گیا ہے اور رہائشیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
راجوری میں مسلسل موسلا دھار بارش سے دھرہالی اور سکوتہ میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے جس سے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ راجوری نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ‘موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر راجوری ضلع کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول آج بند رہیں گے’۔
ضلع ریاسی میں بھی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط کے طور پر 22 جولائی کو تمام اسکولوں کو ایک دن کے لیے بند رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ سانبہ نے ایک عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں جن پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات رہتے ہیں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بہتے ہوئے ندی نالوں سے دور رہیں نیز حکام نےغیر محفوظ عمارتوں میں اور ان طلباء کے لیے جنہیں اسکول پہنچنے کے لیے ندیوں کو عبور کرنا پڑتا ہے، کے لئے کلاسز معطل رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
رہائشیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جب تک ضروری نہ ہو گھر کے اندر ہی رہیں اور ایمرجنسی کی اطلاع ضلع کنٹرول روم کو 01923-241004 پر دیں۔
حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ جاری بارشوں کے دوران حادثات سے بچنے کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔