جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں 28 جولائی سے شروع ہونے والی 13 روزہ شری بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق بڈھا امرناتھ یاترا کا پہلا قافلہ سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ 28 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امسال 13 دنوں کو محیط یہ یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوں گی۔
دریں اثنا اس پوتر یاتر کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) اودھم پور- ریاسی رینج سارہ رضوی کی قیادت میں گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن اور سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی
اس میٹنگ میں ڈی آئی جی شیو کمار شرما اور جموں اور راجوری کے ضلعی پولیس سربراہان کےعلاوہ فوج اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ ڈی آئی جی رضوی نے یاترا کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات، بغیر کسی رکاوٹ کے ٹریفک کے انتظام، طبی تیاری، صفائی ستھرائی اور یاتریوں کے لیے بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے پر توجہ دی۔
انہوں نے کہا: ‘موصوف ڈی آئی جی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا کے دوران ہائی الرٹ پ رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جائے’۔
ڈی آئی جی نے بتایا: ‘بڈھا امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی تقریب نہیں ہے بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت بھی ہے لہذا یہ تمام ایجنسیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس یاترا کو پرامن اور محفوظ طریقے سے انجام دیا جائے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ یاتریوں کی نقل و حرکت مناسب حفاظت کے ساتھ صرف قافلوں میں ہوگی اور کوئی بھی یاترا گاڑی بغیر حفاظت کے نہیں چل سکے گی’۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے روٹ پر اور خطرناک مقامات پر مناسب تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
موصوف ڈی آئی جی نے نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور چیکنگ پوائنٹس کی تنصیب کے علاوہ مسلسل نگرانی کے لیے کنٹرول رومز کے قیام پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے تاہم یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔