سری نگر: محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے لیے آئندہ دنوں میں شدید موسمی صورتحال کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کے مطابق 16 اور 17 جولائی کے علاوہ 21 سے 23 جولائی کے دوران وادی کے بیشتر علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے، ندی نالوں میں طغیانی آنے اور مٹی کے تودے گر نے جیسے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔
محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں مطلع عمومی طور پر ابر آلود رہے گا اور متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 20 جولائی کے دوران بھی مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے۔
موسمی ایڈوائزری میں خاص طور پر نشیبی، پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 16-17 اور 21-23 جولائی کے درمیان کچھ علاقوں میں بارش کی شدت غیرمعمولی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں بند، ندی نالے بھر نے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹریفک اور ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ہنگامی صورت حال کے لیے پیشگی تیاری رکھیں۔
محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔
پہلگام (16.6 ملی میٹر)، کولگام (17.2 ملی میٹر)، گلمرگ (15.2 ملی میٹر)، اوانتی پورہ (12.0 ملی میٹر) اور دیگر مقامات پر نمایاں بارش ہوئی۔سرینگر شہر میں 4.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جموں خطے کے ادھم پور (43.0 ملی میٹر)، کٹرا (35.8 ملی میٹر) اور ریاسی (25.0 ملی میٹر ) سے زیادہ بارش ہوئی، جبکہ بانہال، بٹوٹ اور رام بن میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ بارش سے گرمی کی شدت میں کمی کی ہے، تاہم طوفانی بارش کے باعث نظام زندگی متاثر ہونے کا قوی امکان ہے۔