بدھ, فروری ۱۸, ۲۰۲۶
15.1 C
Srinagar

شہر خاص کی خستہ حال سڑکیں: حکومت نے اسمبلی میں کشادگی میں دہائیوں کی تاخیر کا اعتراف کیا

جموں: سری نگر کے پائین شہر کی خستہ حال سڑکوں کے حوالے سے اسمبلی میں اٹھائے گئے سوال کے جواب میں حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ شہر کے پائین علاقاے کی رابطہ راستے، جن میں نوشہرہ–صورہ روڈ، سعیدہ کدل–عشائی باغ، دیوی آنگن–حول، علمگیری بازار اور مرزا کامل چوک شامل ہیں، کئی دہائیوں کے بعد بھی کشادہ نہیں ہو سکے اور محدود رائٹ آف وے کے باعث ٹریفک کا بہاؤ مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔

حکومت نے تسلیم کیا کہ ان پرانی الائنمنٹس کو اُس وقت تیار کیا گیا تھا جب نہ ٹریفک موجودہ سطح پر تھا اور نہ شہری آبادی اتنی زیادہ تھی۔ شہری تجارتی سرگرمیوں میں اضافے، رہائشی پھیلاؤ اور گاڑیوں کی تعداد بڑھنے سے صورتحال مزید سنگین ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ٹریفک جام، حادثات کے خدشات اور ایمبولنس و فائر سروس جیسے ہنگامی معاملات میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
سرکار نے بتایا کہ مذکورہ اہم راہداریوں کی بہتری، کشادگی اور ری ڈیزائننگ کے لیے ابتدائی جائزے مکمل کیے جا چکے ہیں، تاہم جامع توسیع کے لیے بڑے پیمانے پر اراضی کے حصول، تجاوزات کی برطرفی، یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی اور بین المحکمہ تعاون درکار ہے۔ کئی اہم مقامات پر زمین کے حصول کا عمل عدالتی معاملات کی وجہ سے التوا میں ہے، جس سے مجموعی پیش رفت متاثر ہوئی ہے۔

نوشہرہ سے صورہ روڈ کے حوالے سے حکومت نے بتایا کہ یہ حصہ پہلے سے منظور شدہ روڈ وائیڈننگ پروگرام کا حصہ ہے۔ نلبل برج کے نزدیک موجود ڈھانچے حاصل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی اراضی و ڈھانچوں کا حصول ہائی لیول کمیٹی میں مذاکرات اور زیرِ التوا عدالتی فیصلوں کے بعد عمل میں لایا جائے گا۔سعیدہ کدل عشائی باغ روڈ کی کشادگی کے لیے تقریباً 1.75 کلو میٹر حصے کا سروے جاری ہے، جس کے تحت سڑک کو موجودہ 7.5 میٹر سے بڑھا کر 21 میٹر تک کرنے کی تجویز ہے۔ سرکار نے کہا کہ ڈی پی آر سروے مکمل ہونے کے بعد جمع کی جائے گی۔

دیوی آنگن–حول روڈ کی کشادگی کے لیے چیف انجینئر آر اینڈ بی نے 31.25 کروڑ روپے کی لاگت کا ابتدائی منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں 30 کروڑ روپے اراضی کے حصول اور یوٹیلٹی شفٹنگ پر خرچ ہوں گے۔ منصوبہ فنڈز دستیابی کے بعد ہی شروع ہوگا۔علمگیری بازار چوک کی ری ڈیزائننگ اور 5 ڈھانچوں کے حصول کا منصوبہ سال 2025–26 کے تحت منظور کیا گیا ہے جس پر 3.35 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ڈی پی آر تکنیکی منظوری کے مراحل میں ہے۔مرزا کامل صاحب چوک کی جدید طرز پر ری ڈیزائننگ بھی اسی مالی سال میں 1.35 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کی گئی ہے۔

حکومت نے کہا کہ وہ ڈاؤن ٹاؤن کی ٹریفک صورتحال اور ایمرجنسی سروسز کی مشکلات سے بخوبی واقف ہے۔ اس لیے سڑکوں کی بہتری، مضبوطی، ڈرینیج اصلاح اور چوکوں کی ری ماڈلنگ کے کام مرحلہ وار اور ترجیحی بنیادوں پر انجام دیے جا رہے ہیں۔ ترجیحات کا تعین ٹریفک دباؤ، زمینی دستیابی، عوامی سلامتی اور مالی وسائل کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔

سرکار کے مطابق شہری نقل و حرکت، اسمارٹ انفراسٹرکچر اور مجموعی شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کی ہم آہنگی کے ساتھ متعدد منصوبے زیرِ عمل ہیں، جن کا مقصد ڈاؤن ٹاؤن میں ایمرجنسی رسپانس اور روزمرہ ٹریفک کو بہتر بنانا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img