اتوار, اگست ۳۱, ۲۰۲۵
24.2 C
Srinagar

بڈگام پولیس کی بڑی کارروائی، پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کی جائیدادیں ضبط

سری نگر:جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کے تحت بڈگام پولیس نے پاکستان میں مقیم تین سرگرم دہشت گرد ہینڈلرز کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔ یہ کارروائی وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ چیوا، بیروہ اور ہارونی خانصاحب علاقوں میں متعلقہ ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرگرم دہشت گردوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نےکھاگ ، بیروہ اور خانصاحب میں تین دہشت گرد ہینڈلرز کی جائیدادیں قرق کیں۔

پولیس کے مطابق ہارونی بڈگام میں دہشت گرد ہینڈلر منظور احمد چوپان عرف رئیس ولد غلام محی الدین ساکن ہارونی خانصاحب سے منسلک دو منزلہ رہائشی مکان کو منسلک کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ چیوہ بڈگام میں محمد یوسف ملک عرف مولوی ولد عبدالرحیم ملک ساکن چیوا بڈگام کے دو منزلہ رہائشی مکان اور پانچ کنال تیرہ مرضی اراضی کو بھی قرق کیا گیا ہے۔

موصوف ترجمان کے مطابق کھاگ میں بلال احمد وانی عرف عمر ولد غلام احمد وانی کی 19.5مرلہ جائیداد کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تینوں افراد اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں اور کئی برسوں سے وادی میں دہشت گردی کی سازشیں اور سرگرمیاں انجام دینے میں ملوث رہے ہیں۔ ان کی جائیدادوں کی ضبطی کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کے مالی، لاجسٹک اور آپریشنل ڈھانچے کو توڑنا ہے۔

بڈگام پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ:’یہ کارروائی ان تمام افراد اور نیٹ ورکس کے لیے ایک سخت پیغام ہے جو قومی سلامتی اور علاقائی امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

پولیس نے مزید کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے اور کسی کو بھی امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img