جموں،: منشیات فروشوں کے خلاف مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جموں میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ جموں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اس کو ضلع جیل اودھم پور میں بند کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی صوبائی کمشنر جموں سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
منشیات فروش کی شناخت شوکت علی ولد حسن میر ساکن سکندرپور کوٹھی بشنوہ کے طور پر کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروش کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کئی مقدمے درج ہیں جو علاقے کے نوجوانوں میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔انہوں نے کہا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار ہونے کے باوجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا بلکہ نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرتا رہا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں نے پولیس کی منشیات کے خلاف جاری مہم کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی جموں پولیس کی منشیات کی بیخ کنی کے خلاف عزم کو اجاگر کرتی ہے۔