جمعہ, جون ۲۷, ۲۰۲۵
24.6 C
Srinagar

ادھم پور تصادم: جنگلی علاقے میں دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری

جموں: اُدھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے گھنے جنگلات میں تین پاکستانی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سکیورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم کا سرچ آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق، جمعرات کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جیشِ محمد کا ایک پاکستانی دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا، جس کی شناخت ’مولوی‘ عرف ’حیدر‘ کے طور پر کی گئی ہے۔ تاہم، اس کے تین ساتھی اب بھی علاقے میں روپوش ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطرتلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع تر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کو تلاش کرنے کی خاطر سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی خدمات حاصل کی گئی ہے تاکہ جلدازجلد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد گروہ ایک سال سے سکیورٹی ایجنسیوں کی نگرانی میں تھا۔ جمعرات کی صبح، آرمی اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بسنت گڑھ کے علاقے میں ان کا سراغ لگایا۔ دہشت گرد نالہ کے قریب چھپے ہوئے تھے جہاں پیرا کمانڈوز کی قیادت میں انہیں للکارا گیا، جس کے نتیجے میں جھڑپ ہوئی اور ایک دہشت گرد مارا گیا۔

حکام نے بتایا کہ یہ دہشت گرد مقامی سہولت کاروں (اوور گراؤنڈ ورکرز) کی مدد سے گھنے جنگلات اور غاروں میں چھپ کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہے تھے۔ گزشتہ چند مہینوں میں بسنت گڑھ بیلٹ سے پانچ سہولت کاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جن پر خوراک اور پناہ فراہم کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ، ایک مقامی دہشت گرد جو کئی سال بعد پاکستان سے واپس آیا ہے، بھی اس گروپ کی سرگرمیوں میں معاونت کر رہا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جمعے کے روز مزید کئی جنگلی علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ فی الحال لوگوں کو جنگلی علاقے کی اور نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد گھنے جنگلات میں ہی چھپے بیٹھے ہیں اور انہیں مار گرانے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے۔


آخری اطلاعات موصول ہونے تک ادھم پور کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img