جموں: جموں و کشمیر پولیس نے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں پولیس اہلکاروں کا روپ دھار کر لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پونچھ پولیس نے سرنکوٹ میں جعلی پولیس اہلکار بن کر لوگوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت عرفان احمد ولد محمد صادق اور فیضان احمد ولد محمد صادق ساکنان کالر کٹل سرنکوٹ کے طور پر کی۔ان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ملزم جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے مقامی باشندوں کو دھوکہ دیتے اور ان سے رقم بٹورتے ہوئے پائے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس دھوکہ دہی کی سرگرمی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پولیئس اسٹیشن سرنکوٹ میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 113/2025 درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دونوں کو گرفتار کیا اور اس ضمن میں مزید تحقیقات شروع کی۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ملزمان پولیس کے نام اور اختیارات کا غلط استعمال کر کے مالی فائدے کے لیے علاقے کے لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے۔ضلع پولیس نےعام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے نقالی کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔