سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بدھ کی صبح موسم نے کروٹ بد لی جس سے لوگوں کو گذشتہ روز سے جاری شدید گرمی کی لہر سے راحت نصیب ہوئی۔وادی میں بدھ کی صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا اور اس دوران سری نگر سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ متعدد علاقوں میں صبح کے وقت بوندا باندی ہوئی۔
موسم میں واقع ہونے والے تغیر سے وادی میں شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس نے گذشتہ کئی روز سے لوگوں کا جینا از بس محال کر دیا تھا۔لوگوں کو خوشگوار موسم اور بارشوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔غلام حسن نامی ایک شہری نے بتایا: ‘کئی دنوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جس سے جیسے جان میں نئی جان آگئی، گرمی نے جینا دو بھر کرکے رکھ دیا تھا، گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو رہا تھا خاص طور پر عمر رسید افراد، مریض اور بچے گوناگوں مشکلات سے دوچار ہو رہے تھے’۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر کے لوگ سردی کو برداشت کر سکتے ہیں لیکن گرمی ہمارے برداشت سے باہر ہے’۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں 27 جون تک بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 سے 27 جون تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کئی مقامات پر رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے تاہم جموں صوبے میں اس دوران کہیں کہیں بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 28 جون سے 2 جولائی تک کہیں کہیں رک رک کر بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے کی ایڈوائزری کے مطابق صوبہ جموں میں 25 سے 27 جون تک درمیانی سے بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں جس سے کہیں کہیں سیلابی ریلے آنے، مٹی کے تودے گرآنے یا پتھر کھسکنے کے بھی خطرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے اور دریائوں، ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں میں آبپاشی، دوا پاشی اور کھاد استعمال کرنے سے پر ہیز کریںاطلاعات کے مطابق صوبہ جموں کے کئی علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں۔