سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔واضح رہے کہ قومی شاہراہ پر مہاڑ اور رام بن میں بھاری بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے
تودے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی اور پہلے درماندہ گاڑیوں کو ناشری اور نویوگ ٹنل کے درمیان چلنے کی اجازت ہے۔انہوں نے مسافروں سے صبر سے کام لے کر اوورٹیکنگ کرنے سے پر ہیز کرنے اور لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کی۔قبل ازیں ٹریفک حکام نے بتایا: قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے گاڑیوں کی نقل و حمل کو روک دیا گیا ہے تاہم ٹریفک بحال کرنے کے لئے کام جاری ہے۔
حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ موسم ٹھیک ہونے اور روڈ صاف ہونے تک شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں 27 جون تک بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران صوبہ جموں میں بھاری بارشیں متوقع ہیں۔