جموں:مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے آج بین الاقوامی یومِ یوگا 2025 کے موقع پر کہا کہ دنیا بھر میں یوگا کی مقبولیت اور اس دن کی عالمی سطح پر پذیرائی دراصل وزیر اعظم نریندر مودی کی ان کوششوں کا ثبوت ہے جو انہوں نے بھارتی تہذیب، ثقافت اور روحانیت کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے کی ہیں۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے یہ باتیں جموں و کشمیر کے اُدھم پور ضلع کے رام نگر انڈور اسٹیڈیم میں یوگا پروگرام میں شرکت کے دوران کہیں، جہاں وہ یوگا کی مختلف مشقیں — جیسے کھینچاؤ اور سانس کی مشقیں کرتے ہوئے نظر آئے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’آج یوگا ڈے صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ یہ ہماری ہزاروں سال پرانی روحانی اور جسمانی صحت سے جڑی روایت ہے، جسے وزیر اعظم مودی نے عالمی سطح پر متعارف کروا کر بھارتی اقدار کا فخر بڑھایا ہے۔‘
مرکزی وزیر نے کہا کہ یوگا نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی سکون، روحانی بالیدگی اور عالمی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں یوگا کو اقوام متحدہ نے تسلیم کیا، اور آج 177 سے زائد ممالک یوگا ڈے منا رہے ہیں، جو ایک بے مثال کارنامہ ہے۔
تقریب کے دوران مقامی عوام، طلبہ، اسکاؤٹس، سول انتظامیہ، بی ایس ایف، سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں نے بھی یوگا مشقوں میں حصہ لیا۔ پورے ضلع اُدھم پور میں سرکاری اداروں، اسکولوں اور کالجوں میں بھی یوگا ڈے کے خصوصی پروگرام منعقد ہوئے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ نہ صرف جسمانی بیماریوں سے بچا جا سکے بلکہ ذہنی تناؤ اور غیر متوازن طرز زندگی سے بھی چھٹکارا پایا جا سکے۔
یو این آئی، ارشید بٹ
