سری نگر: وادی کشمیر میں گرمی کی شدید لہر نے جہاں دن کے دوران لوگوں کا حال بے حال کر دیا ہے وہیں راتوں کی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں۔کشمیر ویتھر کے مطابق سری نگر میں گذشتہ رات کا درجہ حرارت 23.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو ماہ جون میں گذشتہ 134 سالوں میں چوتھا اب تک کا سب سے زیادہ شبانہ درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ درجہ حرارت 24 جون 1990 کے بعد، جب کم سے کم درجہ حرارت 23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، سب سے زیادہ ریکارڈ ہونے والا شبانہ درجہ حرارت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 15 جون 2008 کو کم سے کم درجہ حرارت 23.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جبکہ 29 جون 1978 کو شبانہ درجہ حرارت 24.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اس ماہ میں ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ شبانہ درجہ حرارت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں گذشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ درجہ حرارت جون کے مہینے میں گزشتہ 19 برسوں کے دوران سب سے ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔وادی میں درجہ حرارت مسلسل معمول سے کئی ڈگری زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے۔
جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں جمعرات کو 34.7 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جو 1988 کے بعد جون کا سب سے بلند درجہ حرارت ہے۔ کوکرناگ میں 33.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ اس علاقے کی جون کی تاریخ میں دوسرا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی درجہ حرارت 25.2 ڈگری ریکارڈ ہوا رہا، جو عمومی اوسط سے خاصا بلند تھا۔