ہفتہ, جون ۲۱, ۲۰۲۵
34 C
Srinagar

شری امرناتھ یاترا:لکھن پور میں 36 لاجمنٹ سینٹر قائم

جموں: شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی سہولیت کے لئے جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور میں تین درجن سے زیادہ لاجمنٹ سینٹرز اور چھ ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ ڈاکٹر راکیش منہاس نے گذشتہ روز افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران شری امرناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے کی جانی والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران متعلقہ افسروں سے تاکید کہ وہ یاترا سے قبل

تمام تر تیاریوں کو مکمل کریں۔

ضلع مجسٹریٹ نے افسروں سے تاکید کی کہ وہ یاتریوں کی بڑی تعداد میں آمد کی امید کے پیش نظر تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا مقصد لکھن پور کو ایک کثیر سہولت والے مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ ہم نے یاتریوں کی خدمت کے لیے 36 لاجمنٹ سینٹرز اور 6 آر ایف آئی ڈی رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ صاف ستھرے بیت الخلا اور تفریحی زون قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے یاتریوں کے لئے پینے کے صاف پانی فراہمی، بجلی کی فراہمی، سینیٹیشن، طبی امداد، ٹریفک ریگولیشن اور فول پروف سیکورٹی پر زور دیا۔

ضلع مجسٹریٹ نے تمام متعلقہ محکموں سے قریبی ہم آہنگی کو بر قرار رکھنے اور تمام ضروری تیاریوں کو بر وقت مکمل کرنے کی تاکید کی۔امسال شری امر ناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔حکام کے مطابق اب تک 3.50 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے یاترا کے لیے اپنا اندراج کرایا ہے اور ملک بھر سے مزید ہزاروں کے روزانہ کی بنیاد پر لکھن پور پہنچنے کی امید ہے۔

دریں اثنا سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ یاترا کے روایتی راستوں پر بھاری تعداد میں پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی مقامات پر موبائل بینکرز اور چیک پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کی سلامتی کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img