سری نگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ ایران سے نکالے گئے جموں و کشمیر کے 94 طلبا بحفاظت دہلی پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے گھر کی طرف ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کر رہی ہے۔عمر عبداللہ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پرجمعرات کی صبح ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘ایران سے نکالے گئے ہمارے 94 طلبا بحفاظت دہلی پہنچ گئے’۔پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘ حکومت ان کے گھر کی طرف ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات کر رہی ہے، جو اگلے چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گی’۔
قبل ازیں مذکورہ ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘وزیر اعلیٰ نے ایران سے نکالے گئے طالب علموں کو دہلی سے جموں و کشمیر لے جانے کے لیے رکھی گئی بسوں کے معیار سے متعلق درخواست کا نوٹس لیا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ ریذیڈنٹ کمشنر کو جے کے آر ٹی سی کے ساتھ تال میل کا کام سونپا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ڈیلکس بسوں کا مناسب بندوبست کیا جائے’۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر ایران میں زیر تعلیم طلبا کے والدین اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کافی فکر مند ہیں اور ان کی وطن واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔