منگل, جون ۱۷, ۲۰۲۵
22.1 C
Srinagar

شری امرناتھ یاترا کے راستے یکم جولائی سے ’نو فلائنگ زون‘ قرار

سری نگر: سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لیے فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدام میں جموں و کشمیر حکومت نے یاترا کے دونوں راستوں کو ’نو فلائنگ زون‘ قرار دیا ہے۔جموں وکشمیر حکومت کے محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری حکمنامے کے مطابق شری امرناتھ یاترا کے پہلگام اور بالتل راستوں کو ‘نو فلائنگ زون’ قرار دیا ہے۔بتادیں کہ یاتری جنوبی کشمیر میں واقع 48 کلومیٹر طویل روایتی پہلگام راستے یا وسطی کشمیر میں واقع 14 کلومیٹر طویل بالتل کے راستے سے پوتر گھپا تک پہنچتے ہیں۔حکمنامے کے مطابق یہ پابندی تمام قسم کے فضائی آلات جن میں یو اے ویز، ڈرون، اور غبارے شامل ہیں، پر عائد ہوگی۔ان سیکیورٹی ہدایات کا اطلاق یکم جولائی سے 10 اگست تک ہوگا۔تاہم ن پابندیوں کا اطلاق طبی انخلاء، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، یا سیکورٹی فورسز کی طرف سے کی جانے والی نگرانی کی کارروائیوں پر نہیں ہوگا۔

امسال 38 دنوں پر محیط سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہوکر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔جموں و کشمیر حکومت اور شرائن بورڈ کی طرف سے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔یاترا کے سلسلے میں شمالی کشمیر کے شادی پورہ ٹرانزٹ کیمپ پرڈی آئی جی شمالی کشمیر رینج مقصود الزماں نے گذشتہ روز ایک جامع سیکورٹی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر تعیناتی حکمتِ عملی، نگرانی کے نظام، ایمرجنسی تیاریوں اور لاجسٹک انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے اس سال یاترا کے لیے 580 نیم فوجی کمپنیوں پر مشتمل تقریباً 42,000 اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 424 کمپنیاں جموں و کشمیر روانہ کی جا رہی ہیں، جب کہ باقی یونٹس، جن میں وہ 80 کمپنیاں بھی شامل ہیں جو ’آپریشن سندور‘ کے دوران پہلے ہی یو ٹی میں تعینات تھیں، کو یاترا کے راستے، سری نگر سمیت حساس علاقوں میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img