جمعہ, جون ۱۳, ۲۰۲۵
22.9 C
Srinagar

گاندربل: منوج سنہا نے بالتل میں یاتری نواس کمپلیکس کا معائنہ کیا

سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالتل میں شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور یاتری نواس کمپلیکس کا معائنہ کیا۔انہوں نے اس مقام پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا،اور شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے لیے سہولیات کو بڑھانے کے لیے تیار کیے جانے والے بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لیے افسران کو ہدایت دی۔

لیفٹیننٹ گورنر نے ڈومیل میں یاترا ٹریک کو بہتر بنانے اور اسے برقرار رکھنے میں مصروف ٹاسک فورس کے ارکان اور بی آر او کے عملے سے بھی بات چیت کی۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘آج گاندربل کے بالتل ایکسز میں شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور یاتری نواس کمپلیکس کا معائنہ کیا’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘ اس کے علاوہ، یاترا ٹریک کو بہتر بنانے اور اس کو برقرار رکھنے میں مصروف بی آر او کے ٹاسک فورس اور عملے کے ساتھ بات چیت کی’۔اس دوران پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

منوج سنہا نے منگل کے روز سونہ مرگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے سلسلے میں سونہ مرگ مارکیٹ ایسوسی ایشن، ہوٹل مالکان اور دیگر مقامی خدمات فراہم کرنے والے اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں سے ملاقات کی۔انہوں نے دو روز قبل کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے لیے ایک انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ 20 کروڑ روپیوں کی مالیت کے سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم کا افتتاح کیا۔امسال سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔38 دنوں پر محیط اس یاترا کے لئے سیکورٹی اور دیگر تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے اس سال یاترا کے لیے 580 نیم فوجی کمپنیوں پر مشتمل تقریباً 42,000 اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 424 کمپنیاں جموں و کشمیر روانہ کی جا رہی ہیں، جب کہ باقی یونٹس، جن میں وہ 80 کمپنیاں بھی شامل ہیں جو ’آپریشن سندور‘ کے دوران پہلے ہی یو ٹی میں تعینات تھیں، کو یاترا کے راستے، سری نگر سمیت حساس علاقوں میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img