شوکت ساحل
سری نگر،:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق 30 اور 31 مئی کی درمیانی رات سے ٹنل کے آرپار تازہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ،جو ہفتے کو تادم تحریر جاری ہے ۔وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں شدید بارشوں اور بعض بالائی علاقوں میں غیر متوقع طور پر برفباری کے سبب مغل روڑ سمیت متعدد زمینی رابطے منقطع ہوگئے ۔تاہم آخری اطلاعات ملنے تک سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی روانی جاری تھی ۔
دارالحکومت سرینگر میں گزشتہ شب سے جاری رک رک کر بارشوں کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔جبکہ تازہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں ۔
پیر کی گلی پر 2 سے 4 انچ، راز داں ٹاپ پر 3 انچ، سنتھن ٹاپ پر قریب 2 انچ برف باری ہوئی ہے جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 19.3 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 15.4 ملی میٹر، پہلگام میں 13.2 ملی میٹر، کپوارہ میں 11.2 ملی میٹر، گلمرگ میں 24.6 ملی میٹر اور بارہمولہ میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 31 مئی کو بھی رک رک کر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر تیز بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم اور 2 جون کو بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 4 اور 6 جون کو مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کے ساتھ دوپر کے بعد کہیں کہیں ہلکی بارشوں کے مرحلوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 او 8 جون کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ 31 مئی کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے بھاری بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کمزور مقامات پر لینڈ سلائنڈنگ او مٹی کے تودے بھی گر آ سکتے ہیں او کہیں کہیں تیز بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمزور تعمیراتی ڈھانچوں، بجلی کھمبوں، پرانے درختوں سے دور رہنے کو کہا گیا ہے۔
تازہ برف باری کے بعد مغل روڈ احتیاطی طور بند
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ کو پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے پیش نظر احتیاطی طور پر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی میں جاری ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ کچھ دیگر علاقوں سمیت پیر کی گلی پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے پیش نظر مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو احتیاطی طور پر روک دیا گیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ روڈ قابل آمد و رفت ہونے تک اس پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
نئی برفباری کے باعث بانڈی پورہ-گریز سڑک بند، ٹریفک اگلے حکم تک معطل
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں واقع گریز-بانڈی پورہ سڑک پر ہفتہ کی صبح رازدان پاس پر نئی برفباری ہوئی۔
ایس ڈی ایم گریز نے رازدان ٹاپ پر برفباری کے بعد ایک ایڈوائزری جاری کی اور سڑک پر ٹریفک کو اگلے احکامات تک معطل کر دیا۔ ایس ڈی ایم آفس کے مطابق، "رازدان ٹاپ پر برفباری کے پیش نظر اور احتیاطی تدابیر کے طور پر، گریز-بانڈی پورہ سڑک پر آمد و رفت اگلے حکم تک معطل رہے گی۔”
دریں اثناء، بانڈی پورہ-گریز سڑک کی دیکھ بھال کرنے والے او سی بی آر او اویناش کمار نے کہا، "برفباری اور کم مرئیت کے باعث سڑک بند ہے۔ برفباری تاحال جاری ہے، اور سڑک اسی وقت کھولی جائے گی جب برفباری رک جائے گی۔”
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ریکارڈ کی گئی بارش:
کشمیر ڈویژن:
سرینگر = 19.3 ملی میٹر
قاضی گنڈ = 15.4 ملی میٹر
پہلگام = 13.2 ملی میٹر
کپواڑہ = 11.2 ملی میٹر
کوکرناگ = 25.2 ملی میٹر
گلمرگ = 24.6 ملی میٹر
جموں ڈویژن:
جموں = 10.6 ملی میٹر
بانہال = 14.2 ملی میٹر
بٹوٹ = 3.4 ملی میٹر
کٹرا = 7.3 ملی میٹر
بھدرواہ = معمولی نشانات (Trace)
کٹھوعہ = 0.0 ملی میٹر
اے ڈبلیو ایس / دیگر اسٹیشنز:
سرینگر ایئرپورٹ = 20.6 ملی میٹر
بڈگام = 21.0 ملی میٹر
اونتی پورہ = 15.8 ملی میٹر
بارہمولہ = 22.0 ملی میٹر
بانڈی پورہ = 0.0 ملی میٹر
شوپیاں = 0.0 ملی میٹر
کولگام = دستیاب نہیں (NA)
گاندربل = 11.5 ملی میٹر
سونمرگ = 8.5 ملی میٹر
ماخذ: آئی ایم ڈی سرینگر / کشمیر ویدر واچ