نیوزڈیسک
سرینگر:یہ خبر انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ دی جا رہی ہے کہ معروف صحافتی ادارے "ایشین میل” کے مدیر اعلیٰ جناب رشید راہل کی والدہ ایک سڑک حادثے کے نتیجے میں انتقال کر گئیں۔ حادثہ پاندچھ نوے فٹ کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ فوری طور پر انہیں صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا، تاہم وہ رات بھر زیر علاج رہنے کے بعد آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔
مرحومہ کی نماز جنازہ آج صبح 9:30 بجے ان کے آبائی علاقے پاندچھ نوے فٹ میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ جنازے میں سیول سوسائٹی اراکین، صحافی حضرات، اور سماج کی متعدد ذی شعور شخصیات نے شرکت کی اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے 27 مئی بروز منگل کو ان کے آبائی گھر پاندچھ نوے فٹ پر فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوگی، جو دن بھر جاری رہے گی۔ فاتحہ خوانی کا سلسلہ چار روز تک جاری رہے گا۔
سماج کے مختلف طبقوں، صحافتی برادری، اور معزز شہریوں نے رشید راہل اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت اور ہمدردی پیش کی۔ سبھی نے مرحومہ کی مغفرت، بلند درجات اور پسماندگان کے صبر کے لیے دعا کی۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل نصیب کرے۔ آمین۔