نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج نیتی آیوگ کی 10ویں گورننگ کونسل میٹنگ کی صدارت کریں گے، جس میں ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ریاستوں کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔اس سال کا تھیم ’’وِکسِت راجیہ برائے وکِسِت بھارت@2047‘‘ ہے۔
پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ گورننگ کونسل کی میٹنگ ’’وِکسِت راجیہ برائے وکِسِت بھارت@2047‘‘ کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرے گی۔
10ویں گورننگ کونسل کی میٹنگ مرکز اور ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس میں ملک کو درپیش ترقیاتی چیلنجوں پر غور وخوض کیا جائے گا ۔ اجلاس میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے، ہنر مندی بڑھانے اور ملک بھر میں روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل 13-14 دسمبر 2024 کے دوران منعقد ہونے والی چیف سکریٹریوں کی چوتھی قومی کانفرنس کے امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی توجہ دے گی۔
10ویں گورننگ کونسل میٹنگ میں ریاستوں کے وزراء اعلی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنر، مرکزی وزراء اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین، ممبران اور سی ای او شرکت کریں گے۔
یو این آئی