ہفتہ, مئی ۲۴, ۲۰۲۵
29.1 C
Srinagar

کانگریس لیڈر کا پہلگام حملے کے بعد بند سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

سری نگر: جموں و کشمیر کانگریس لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر غلام احمد میر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دونوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاحتی مقامات کو فوری طور پر دوبارہ کھولیں جو گزشتہ ماہ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے بند کر دیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ حکام نے 22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے، جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی شخص نے جانیں گنوائیں تھیں، کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تقریباً 50 ریزورٹس اور سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

موصوف لیڈر، جو حلقہ انتخاب ڈورو کے رکن اسمبلی بھی ہیں، نے بند سیاحتی مقامات کھولنے کے لئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی۔

انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ کشمیر کی سیاحت کو بحال کرنے کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے آج جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ سے ملاقات کی’۔

ان کا کہنا تھا: ‘اس دوران میں نے لوگوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا اور تمام سیاحتی مقامات کو فوری طور سے دوبارہ کھولنے پر زور دیا’۔

انہوں نے کہا: ‘آئیے اپنی خوبصورت وادی میں رونقیں واپس لانے کے لیے مل کر کام کریںموصوف رکن اسمبلی نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘آج ایل جی شری منوج سنہا سے ملاقات کی تاکہ جموں و کشمیر کے سیاحتی اسٹیک ہولڈرز کی حالت زار کو اجاگر کیا جا سکے جنہیں بندش کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے’

انہوں نے کہا: ‘تمام سیاحتی مقامات کو فوری طور پر دوبارہ کھولنے اور متاثرہ افراد کے لیے معاوضے دینے پر زور دیا’۔
ان کا اپنے پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘سیاحت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img