جمعرات, مئی ۸, ۲۰۲۵
18.7 C
Srinagar

پونچھ اور اوڑی میں پاکستانی رینجرز کی شدید شیلنگ سے خاتون اور دو بچوں سمیت 10 شہری جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

سری نگر: لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر صورتحال سنگین ہوگئی ہے، پاکستانی رینجرز نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پونچھ اور اوڑی سیکٹرز میں بلا اشتعال شدید گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں خاتون اور دو بچوں سمیت کم از کم 10 عام شہری جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق، پاکستانی رینجرز کی طرف سے کی گئی شیلنگ رات گئے شروع ہوئی اور صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔ گولہ باری کے دوران بھاری جنگی سازوسامان استعمال کیا گیا، جس کی وجہ سے رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد دیہاتوں میں لوگ رات بھر کھلے آسمان تلے پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

اوڑی کے ایک رہائشی محمد عارف، نے بتایا:’ہم سب سو رہے تھے جب اچانک گولے گرنے کی آوازیں سنائی دیں۔ ہر طرف دھواں، آگ اور چیخ و پکار تھی۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے جنگ چھڑ گئی ہو۔‘پونچھ کے علاقے میں کئی سرکاری عمارتیں بھی شیلنگ کی زد میں آ گئی، جس سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ قریبی دیہات میں کئی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ متعدد زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق پونچھ میں پاکستانی شیلنگ کے نتیجے میں دس افراد جاں بحق ہوئے جن کی شناخت محمد عادل، سلیم حسین، روبی کور، دس سالہ محمد زین، محمد اکرم ، امرک سنگھ، رنجیت سنگھ، بارہ سالہ زویا خان، محمد رفیع اور محمد اقبال کے بطور کی گئی ہے۔ادھر اوڑی کے مختلف علاقوں میں پاکستانی شیلنگ سے ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعدد رہائشی مکانوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق، فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہوائی راستے سے بڑی طبی سہولیات والے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ:’ہم متاثرہ دیہات میں ریلیف کیمپ قائم کر رہے ہیں اور تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔”دوسری طرف، لائن آف کنٹرول پر تمام تعلیمی ادارے تا حکمِ ثانی بند کر دیے گئے ہیں اور مقامی لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دفاعی ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے شیلنگ کا بھرپور جواب دیا ہے اور تمام اگلی چوکیوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔وزارت دفاع کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا:’یہ حملے پاکستان کی جانب سے جاری اشتعال انگیزی کا تسلسل ہیں۔ ہم اس کا مؤثر جواب دے رہے ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔‘ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے کئی مقامات پر دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔ تازہ شیلنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بھارت نے گزشتہ شب ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے نو مراکز پر میزائل حملے کیے تھے۔ ماہرین کے مطابق، پاکستانی شیلنگ کو بھارتی کارروائی کا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img