جموں، : دفاعی ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ شب پاکستانی فوج کی اندھا دھند فائرنگ اور گولہ باری میں کے نتیجے میں تین عام شہری مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس کا موثر انداز میں جواب دیا۔ذرائع کے مطابق مہلوکین کی شناخت محمد عادل، سلیم حسین اور روبی کور کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر صوبہ جموں کے پانچ اضلاع میں آج اسکول بند رہیں گے۔صوبائی کمشنر جموں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جموں، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ میں تمام اسکول، کالج اور تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے’۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ہندوستانی فوج نے ‘آپریشن سندور’ شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان اور پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں واقع دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنا دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ 22 اپریل کو پہلگام میں بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی باشندے کی موت ہوئی تھی۔
یو این آئی