پنجی،: گوا کے شرگاؤں میں جمعہ کی رات مشہور شری لیرائی جاترا (مذہبی جلوس) کے دوران بھگدڑ میں چھ افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ حادثے میں زخمیوں کو ماپوسا کے گوا میڈیکل کالج اور شمالی گوا ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے میں جان گنوانے والے متاثرین کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’گوا کے شرگاؤں میں بھگدڑ کی وجہ سے ہوئیں ہلاکتوں سے غمزدہ ہوں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ لوگوں کی مدد کر رہی ہے۔‘‘
گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کا مفت علاج کرنے کو کہا ہے۔ گوا کانگریس نے بھی اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اچانک کافی زیادہ بھیڑ میں خوف و ہراس پھیل گیا جس سے لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے اور بھگدڑ کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے پر گرنے لگے جس کے سبب لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔افسران نے ابھی تک باضابطہ طور پر بھگدڑ کی وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن ابتدائی رپورٹس بتاتی ہیں کہ یہ حادثہ زیادہ بھیڑ اور مناسب انتظامات کی کمی کے باعث پیش آیا۔
یو این آئی