ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
19.1 C
Srinagar

جموں وکشمیر: شری ماتا ویشنو دیوی یاترا ہموار طریقے سے جاری

جموں: پہلگام حملے کے بعد جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں یاتریوں کا رش ایک بار پھر بڑھ گیا ہے اور یاترا ہموار طریقے سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کے روز سیاحتی مقام پہلگام کی بیسرن وادی میں دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شخص جاں بحق ہوا تھا۔ اس سانحے سے جموں وکشمیر سمیت پورے ملک میں ماتم کا ماحول ہے۔

ٹور آپریٹرز کے مطابق حملے کے بعد شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں یاتریوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی تھی۔کٹرہ ہوٹلز ایسو سی ایشن کے صدر راکیش وزیر نے یو این آئی کو بتایا ’اس بہیمانہ حملے کے بعد ہوٹل بکنگ منسوخ کی جا رہی تھیں کیونکہ یاتری اپنے اپنے گھر جانا چاہتے تھے لیکن اب یاتری ایک بار پھر ہوٹل بکنگ کر رہے ہیں اور یاتریوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔‘ ان کا کہنا ہے ’ہم ملک بھر کے یاتریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بغیر کسی خوف کے پوتر مندر کی یاترا کے لئے کٹرہ آئیں۔‘
موصوف صدر نے کہا کہ گرمائی تعطیلات کے پیش نظر امسال بھی بھاری تعداد میں یاتریوں کی آمد متوقع ہے اور اس سلسلے میں یاتریوں نے ہوٹلوں وغیرہ میں پیشگی بکنگ کرنا شروع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے اور اس یاترا سے اس میں مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔
ادھر شرائن بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یاتریوں کے تحفظ، سہولیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ، سیکورٹی ایجنسیوں اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام یاتریوں کے لیے ایک ہموار اور روحانی طور پر مکمل تجربہ فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔

شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) انشول گرگ نے 25 اپریل کو ایک میٹنگ کی صدارت کی اور سیکورٹی اور دیگر تیاریوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ماہ اپریل کے پہلے 15 دنوں کے دوران 6 لاکھ یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر پر حاضری دی۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے دوران اب تک یاتریوں کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آر ایف آئی ڈی کارڈز کے لیے 45 کاؤنٹرز اور سیلف ڈسپنسر کیوسک کے ذریعے یاتریوں کے لیے رجسٹریشن کی آسانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس قریب 95 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں درشن کئے تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img