سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ایک وفد نے ہفتے کے روز ہاپت نار پہلگام کا دورہ کیا اور وہاں پہلگام دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے سید عادل حسین کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کی۔
اس وفد میں ارکان اسمبلی الطاف احمد وانی، سلمان ساگر، احسان پردیسی،ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے فرزندان ظاہر عبداللہ اور ضمیر عبداللہ شامل تھے۔اس موقع پر وفد نے سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پارٹی اس مصیبت کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک پارٹی ترجمان نے بتایا: ‘ پارٹی کا ایک وفد، جس میں ارکان اسمبلی الطاف احمد وانی، سلمان علی ساگر، احسن پردیسی، ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار، ظاہر عبداللہ اور ضمیر عبداللہ شامل تھے،نے پہلگام کے علاقے ہاپتنار کا دورہ کرکے سید عادل حسین کی رہائش گاہ پر ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعیزت کی جنہوں نے بیسرن قتل عام میں سیاحوں کی حفاظت کرتے ہوئے عظیم قربانی دی تھی’۔انہوں نے کہا: ‘پارٹی سید عادل شاہ کے والد سید حیدر شاہ کے ساتھ کھڑی ہے’
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وفد میں راجہ رانی ٹور اینڈ ٹریولس مہاراشٹرا ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن ابھیجیت پاٹل کا ایک نمائندہ بھی شامل تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نزاکت شاہ کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اس دن گیارہ معصوم جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔