سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کو ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی۔
راج بھون سری نگر میں منعقدہ اس اہم میٹنگ میں شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار، ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، اور چنار کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو موجود تھے۔
میٹنگ میں جموں و کشمیر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی، پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے بعد کے حالات اورمرکزی زیر انتظام علاقے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، میٹنگ کے دوران سرحدی علاقوں میں دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، حساس علاقوں میں سکیورٹی کی موجودگی کو مزید مستحکم بنانے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سکیورٹی فورسز کے پیشہ ورانہ جذبے اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی سلامتی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ فوجی سربراہ نے بھی جموں وکشمیر میں جاری سکیورٹی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں ایک ہولناک دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد وادی بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔