مدھوبنی، وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو ہندوستان کی روح پر حملہ قرار دیتے ہوئے اور ملک کی 140 کروڑ آبادی کی قوت ارادی کی طاقت سے گرجتے ہوئے کہا کہ اب دہشت گردوں کوں مٹی میں ملانے کا وقت آ گیا ہے اور دہشت گردوں اور سازش کرنے والوں کو ان کے تصور سے بڑی سزا ملے گی۔
مسٹر مودی نے جمعرات کو یہاں جھنجھار پور کے لوہانہ پنچایت میں پنچایتی راج کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک اجتماع میں 13,480 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا ’’یہ حملہ صرف غیر مسلح سیاحوں پر نہیں ہے۔ ملک کے دشمنوں نے ہندوستان کی روح پر حملہ کرنے کی جرات کی ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا ’’میں واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جن دہشت گردوں نے یہ حملہ کیا اور جنہوں نے اس حملے کی سازش کی، ان کو اس سے بڑی سزا ملے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ اب دہشت گردوں کی بچی کھچی زمین کو تباہ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی قوت ارادی اب دہشت گردی کے آقاوں کی کمر توڑ کر رہے گی۔‘‘
یو این آئی