منگل, اپریل ۲۲, ۲۰۲۵
14.7 C
Srinagar

"یقین سے باہر صدمہ”: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی پہلگام حملے کی مذمت

سرینگر،:  جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج دوپہر پہلگام کے بیسرن چراگاہی علاقے میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 ایل جی منوج سنہا نے اس حملے کو ایک بزدلانہ اور گھناؤنا فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا، "ڈی جی پی اور سیکیورٹی حکام سے بات ہوئی ہے۔ فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں علاقے میں روانہ ہو چکی ہیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔”

ایل جی سنہا نے مزید بتایا کہ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا۔”ایک زخمی سیاح کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں،”

ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس حملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، "میں یقین سے باہر صدمے میں ہوں۔ ہمارے مہمانوں پر کیا گیا یہ حملہ ایک نفرت انگیز فعل ہے۔ اس کے مرتکب افراد انسان کہلانے کے لائق نہیں، یہ جانور ہیں اور ان کے لیے کوئی ہمدردی نہیں۔ ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔”

عمر عبداللہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی کابینہ کی ساتھی اور وزیر سکینہ ایتو سے رابطہ کیا ہے، جو زخمیوں کی تیمارداری کے لیے اسپتال روانہ ہو چکی ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا”میں بھی فوری طور پر سرینگر واپس آ رہا ہوں،” ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img