منگل, اپریل ۲۲, ۲۰۲۵
14.7 C
Srinagar

پہلگام میں ملی ٹینٹوں کا بڑا حملہ، 12 سیاح زخمی

سرینگر، 22 اپریل: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کو ایک دہشت گرد حملے میں کم از کم 12 سیاح زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ بیسرن کے سرسبز میدان میں پیش آیا، جو صرف پیدل یا گھوڑے کے ذریعے پہنچنے والا علاقہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق، نامعلوم بندوق برداروں نے سیاحوں کے ایک گروپ پر قریب سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ایک خاتون، جو حملے میں بچ گئی، نے فون پر پی ٹی آئی کو بتایا:”میرے شوہر کے سر میں گولی لگی ہے، جبکہ دیگر سات افراد بھی اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔”خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی اپیل کی۔

حکام کے مطابق زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد لی گئی، جبکہ مقامی افراد نے کچھ زخمیوں کو اپنے گھوڑوں پر میدان سے نیچے پہنچایا۔ پہلگام اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ اسپتال میں 12 زخمی سیاحوں کو داخل کیا گیا ہے اور سب کی حالت مستحکم ہے۔

ادھر، فائرنگ کی آواز سن کر سکیورٹی فورسز جائے واردات، بیسرن چراگاہ، کی طرف روانہ ہو گئیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب وادی کشمیر میں ایک بار پھر سیاحت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔یاد رہے کہ امسال امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہونے والی ہے، جس میں ملک بھر سے لاکھوں یاتری دو روایتی راستوں ۔ 48 کلومیٹر طویل پہلگام راستہ اور 14 کلومیٹر مختصر مگر دشوار بالتل راستہ ۔ کے ذریعے گپھا کی جانب روانہ ہوتے ہیں۔


(پی ٹی آئی)

Popular Categories

spot_imgspot_img