جموں: جموں و کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر تیسرے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی، کیونکہ ضلع رامبن میں حالیہ بادل پھٹنے، طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سڑک کے کئی حصے شدید متاثر ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق، ضلع رامبن کے پنتھیال، سیر، مہر اور کیفٹیریا موڑ جیسے مقامات پر شدید تباہی ہوئی ہے، جہاں سڑک کے کئی حصے مٹی کے تودوں، پتھروں اور ملبے تلے دب چکے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر سڑک زمین میں دھنس چکی ہے۔
ضلع انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں، بی آر او، آرمی، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کو تعینات کیا ہے جو مسلسل بحالی کا کام انجام دے رہے ہیں۔ مغل روڈ اور سنتھان ٹاپ روڈ کو عارضی متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاہم یہ راستے بھی مکمل طور پر بھاری ٹریفک کے لیے فعال نہیں۔شاہراہ کی بندش کے باعث درجنوں مال بردار ٹرک، سیاحوں کی گاڑیاں اور مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینسز مختلف مقامات پر پھنس کر رہ گئی ہیں۔ مسافروں نے شکایت کی ہے کہ انہیں نہ صرف خوراک اور پانی کی قلت کا سامنا ہے بلکہ کئی مقامات پر رہنے کا بندوبست بھی دستیاب نہیں۔
ادھر ڈویژنل کمشنر جموں رامیش کمار کے مطابق، ’ہم شاہراہ کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سڑک کی ساخت کو بھی جانچنے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسی آفات سے بچا جا سکے۔‘انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور ضروریات زندگی کی اشیاء پہنچائی جا رہی ہیں۔