ممبئی:الی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کو پیر کے روز ایک اور جان سے مارنے کی سنگین دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کی اطلاع ممبئی پولیس نے دی ہے۔ یہ دھمکی واٹس ایپ کے ذریعے دی گئی اور اسے ورلی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے سرکاری نمبر پر بھیجا گیا۔
پیغام میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ سلمان خان کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کر دیا جائے گا اور ان کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا جائے گا۔ پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس معاملے میں ورلی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس دھمکی کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور معاملے کی مکمل جانچ جاری ہے۔سلمان خان کو اس سے قبل بھی متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جس کے باعث ان کی سیکیورٹی میں پہلے ہی اضافہ کیا جا چکا ہے۔ تاہم تازہ دھمکی نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، اور ممبئی پولیس نے پوری سنجیدگی سے اس معاملے کو لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔