ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
17.7 C
Srinagar

کشتواڑ انکائونٹر: ملی ٹنٹوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا:شری دھر پاٹل

جموں: کشتواڑ – ڈوڈہ رینج کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) شری دھر پاٹل کا کہنا ہے جب تک کشتواڑ کے علاقے میں ملی ٹنٹوں کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جائے گا تب تک اس علاقے میں آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے لوگ سکیورٹی فورسز کو بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔موصوف ڈی جی پی نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا ،’’ 9 اپریل کو مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آپریشن شروع کیا گیا تھا جو اختتامی مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے ،میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ جب تک علاقے میں موجود ملی ٹنٹوں کا خاتمہ نہیں کیا جائے گا تب تک یہ آپریشن جا ری رہے گا‘‘۔

مسٹر پاٹل نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران سب سے اہم بات یہ رہی کہ لوگوں نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ بھر پور تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشنز سیکورٹی فورسز کے درمیان اچھے تال میل کی عکاسی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ فوج کے مطابق کشتواڑ کے چھاترو جنگل علاقے میں جاری اس آپریشن کے دوران 3 پاکستانی ملی ٹنٹ ہلاک کر دئے گئے ہیں جن میں سے ایک کو جمعہ کے روز جبکہ دو کو ہفتے کے روز ہلاک کر دیا گیا۔

پریس کانفرنس کے دوران 5 سیکٹر آسام رائفلز کے کمانڈر بریگیڈیئر جے بی ایس راٹھی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران نگرانی کے لیے یو اے وی ایس اور ڈرون کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا: ‘9 اپریل کو فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیموں نے چھاترو جنگل علاقے میں مشترکہ آپریشن شروع کر دیا اور اس دوران دہشت گردوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا،اس انکائونٹر کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘اس آپریشن نے ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس، خاص طور پر ایس او جی کے درمیان ہموار کوآرڈینیشن کو بھی سامنے لایا۔

موصوف برگیڈئر نے کہا کہ علاقے کی نگرانی کرنے کے لئے ہندوستانی فضائیہ کی مدد سے اسپیشل فورسز کے لحاظ سے تیزی سے کمک تعینات کی گئی’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img