سری نگر،:علیحدگی پسند تنظیموں کے خلاف کریک ڈاون کو مزید وسیع کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس نے کالعدم علیحدگی پسند تنظیموں کے خلاف درج مقدمات کی تحقیقات کے سلسلے میں آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے اور ان کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے جاری آپریشن کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں مختلف مقامات پر مشتبہ افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔
پولیس بیان کے مطابق، پولیس اسٹیشن بانڈی پورہ میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 04/2024 کی تحقیقات کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت نذیر احمد آہنگر ولد مرحوم عبدالخالق آہنگر ساکن شاہ گنڈ حاجن،شیخ دانش مشتاق ولد مشتاق احمد شیخ ساکن آلوسہ بانڈی پورہ اور طاہر احمد میر ولد مرحوم حبیب اللہ میر ساکن وارڈ نمبر 2، پلان بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تینوں افراد تحریکِ حریت سے وابستہ ہیں۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس اسٹیشن سمبل میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 62/2024 کی تحقیقات کے کے سلسلے میں مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت غلام الدین وار ولد حبیب اللہ وار ساکن نائید کھائی (ممبر جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی)،خورشید احمد لون ولد محمد جمال لون ساکن نائید کھائی (ممبر جموں و کشمیر پیپلز لیگ)اور محمد شفیع ڈار ولد ثنا اللہ ڈار ساکن کرنائی محلہ شاہ گنڈ (ممبر جموں و کشمیر پیپلز لیگ)کے بطور ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ، پولیس اسٹیشن حاجن میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج مقدمہ ایف آئی آر نمبر 06/2024 کی تحقیقات کے سلسلے میں دو افراد کو حراست میں لیا گیا جن کی شناخت عبدالمجید گوجری ولد غلام محمد گوجری ساکن وجہ پارہ،عبدالمجید لون ولد محمد مقبول لون ساکن وجہ پارہ حاجن کے بطور کی گئی۔ پولیس کے مطابق، دونوں افراد تحریکِ حریت سے وابستہ ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے قابلِ اعتراض مواد، الیکٹرانک آلات اور موبائل فون برآمد کر کے ضبط کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار شدہ افراد نے پابندی کے باوجود بھی دہشت گردی اور علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا جاری رکھا۔
یہ افراد اپنی مذموم سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے نوجوانوں کو متاثر کر کے ان کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے اور جموں و کشمیر میں نئے افراد کو تنظیموں میں بھرتی کرنے میں مصروف تھے۔
یہ گرفتاریاں انتہا پسندی کے خلاف جاری کریک ڈاون کے تحت پولیس کی جانب سے ایک واضح پیغام ہیں کہ بانڈی پورہ پولیس ضلع جموں و کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
پولیس کے مطابق، تشدد، بدامنی یا غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والے افراد کو قانون کے تحت سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور علیحدگی پسند نظریات کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔