ممبئی: معروف بالی ووڈ فلمساز اداکار منوج کمار کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
ہفتہ کو ان کی آخری رسومات ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں کی موجودگی میں ممبئی کے جوہو میں واقع پون ہنس شمشان گھاٹ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ اداکار کی جسد خاکی کو ان کے بیٹے کنال گوسوامی نے مکھ اگنی دی۔ منوج کمار کی اہلیہ ششی گوسوامی شمشان گھاٹ میں موجود تھیں۔
سپر اسٹار امیتابھ بچن، اداکار ابھیشیک، پروڈیوسر اسکرین رائٹر سلیم خان اور اداکار ارباز خان بھی ان لوگوں میں شامل تھے جو منوج ‘بھارت’ کمار کو آخری الوداعی دینے پون ہنس شمشان گھاٹ پہنچے تھے۔
انو ملک، راجپال یادو اور پریم چوپڑا سمیت کئی ستاروں نے شمشان گھاٹ میں منوج کمار کو آخری الوادعی دی۔
معروف ہندستانی فلمی اداکار منوج کمار جمعہ کا انتقال ہوگیا تھا۔
اپکار، کرانتی، ہریالی اور راستہ، روٹی، کپڑا اور مکان، پورب پچھم جیسی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری سے طویل عرصے تک ہندی فلموں کے شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے منوج کمار کو حب الوطنی پر مبنی فلموں کے لیے جانا جاتا تھا۔ منوج کمار کو 1992 میں ‘پدم شری’ اور 2015 میں ‘دادا صاحب پھالکے’ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
