اتوار, اپریل ۶, ۲۰۲۵
19.2 C
Srinagar

وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

سری نگر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے تین روزہ دورے جموں و کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر، بالخصوص شہر سری نگر اور اس کے مضافات میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ 6 اپریل، اتوار کو جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں۔
وزیر داخلہ کے اس اہم دورے کے مدنظر حکام نے وادی، بالخصوص سری نگر شہر اور اس کے گردونواح میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لیے بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے ہفتے کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ تمام علاقوں میں سخت چیکنگ اور نگرانی کا سلسلہ جاری ہے، اور شہر میں ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس سیکورٹی اہلکار مکمل طور پر چوکس اور الرٹ ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق، ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے اور ان میں سوار مسافروں کے جامہ تلاشی کے ساتھ ساتھ شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اپنے دورے کے دوران وزیر داخلہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم میٹنگیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امت شاہ کے اس دورے کے پیش نظر وزارت داخلہ کے سینئر افسران پہلے ہی جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں، جو سری نگر اور جموں دونوں شہروں میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر ست شرما کا کہنا ہے کہ امت شاہ کے دورے کے پیش نظر بی جے پی نے تمام تیاریوں کو آخری شکل دی ہے۔
ذرائع کے مطابق امت شاہ 6 اپریل کو جموں پہنچیں گے، جہاں دو دن قیام کے بعد وہ 7 اپریل کی شام کو سری نگرجائیں گے۔سری نگر میں قیام کے بعد وہ 8 اپریل کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، اپنے جموں قیام کے دوران امت شاہ ممکنہ طور پر سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی ایجنسیوں و مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے اور کئی منصوبوں کا افتتاح بھی متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ کے سری نگر قیام کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی ان سے ملاقات کریں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img