اتوار, نومبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.8 C
Srinagar

ریزرویشن پر کابینہ کی کمیٹی اتوار کو ایس کے آئی سی سی میں کچھ وفود سے ملاقات کرے گی: سکینہ یتو

سری نگر: وزیر صحت و تعلیم سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ ریزرویشن پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی اتوار کو یہاں شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں کچھ وفود سے ملاقات کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ میٹنگ میں اہم مسائل کو حل کرنے اور ریزرویشن سے متعلق معاملات پر رائے حاصل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

موصوف وزیر کا یہ بیان عدالت عالیہ میں رزیرویشن پالیسی پر حکومت کے موقف کے متعلق پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون اور پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کے بیانات کے بعد سامنے آیا ہے۔

سجاد لون نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘حکومت نے ریزرویشن پالیسی کو چلینج کرنے والی عرضی کو مسترد کرنے کی درخواست کی ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ ریزرویشن سے متعلق ظہور احمد بٹ اور دیگر بمقابلہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے معاملے میں جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے کل جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے سامنے پیش کیے گئے ایک حلف نامہ میں، حکومت نے یہ گذارش کی ہے کہ درخواست غیر سنجیدہ ہے اور اس کو مکمل طور پر خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے’۔

ان کا پوسٹ میں مزید کہنا ہے: ‘ حکومت نے کہیں بھی ریزرویشن پر ذیلی کمیٹی کی تشکیل کا ذکر نہیں کیا یہ ایک قانونی معمہ ہے، ایسا لگتا ہے کہ حکومت اپنی ہی کمیٹی کو اتنی سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے کہ وہ اپنے قانونی حلف نامے میں اس کا تذکرہ کرے’۔

پی ڈی پی لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ حکومت عدالت میں بقول ان کے ‘انتہائی ناقص’ ریزرویشن پالیسی کا دفاع کرتی ہے۔

انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ: ‘ پالیسی پر نظرثانی کے لیے تشکیل دی گئی نام نہاد کابینی سب کمیٹی عوام کو گمراہ کرنے کے لیے محض ایک ’مہرہ‘ تھی
۔
ادھر سکینہ یتو نے اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ ریزرویشن پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کل ایس کے آئی سی سی میں کچھ وفود سے ملاقات کرے گی’۔

ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘ میٹنگ میں اہم مسائل کو حل کرنے اور ریزرویشن سے متعلق معاملات پر رائے جمع کرنے پر توجہ دی جائے گی’
۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت نے بھرتیوں میں ریزرویشن کے پیچیدہ معاملے کی جانچ کے لیے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img