جموں: جموں وکشمیر پولیس نے غیر قانونی سٹے بازی کے خلاف کریک ڈائون کے دوران گاندھی نگرعلاقے میں چار افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 2 لاکھ روپیے نقد اور کچھ الیکٹرانک آلات بر آمد کئے ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی سٹے بازی کے خلاف کریک ڈائون میں پولیس اسٹیشن گاندھی نگر کی ایک ٹیم نے چار افراد کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا: ‘مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی ایک ٹیم نے شاستری نگر جموں میں ایک گھر پر چھاپہ مارا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘چھاپے کے دوران پولیس نے ایک کمرے میں چار افراد کو دیکھا جہاں ایک ایل ای ڈی ٹی وی پر آئی پی ایل کا لائیو میچ چل رہا تھا اور وہاں بیڈ پر 2 لاکھ روپیے نقد، 8 موبائل فون،ایک لیپ ٹاپ اور 5 نوٹ بکس بکھری پڑی تھیں’۔
بیان میں کہا گیا: ‘مشتبہ افراد نقدی رقم اور وہاں پڑے الیکٹرانک آلات کے بارے میں پوچھے جانے والے سوالوں کا اطمینان بخش جواب نہ سکے’۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے فوری طور پر ان افراد کو گرفتار کیا۔گرفتار شدگان کی شناخت ویر سنگھ سلاتھیہ عرف ویر آف شاستری نگر، کرن سلاتھیہ عرف منا آف پٹولی گرہا برہمنا، راجیش سلاتھیہ عرف راجیش آف پٹولی گرہا برہمنا اور آدیش رینہ عرف آدیش آف ڈوگرا گرائونڈ گاندھی نگر کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔