سری نگر: پولیس نے شمالی کشمیر کے اولڈ ٹائون بارہمولہ کے جلال صاحب علاقے میں کالعدم تنظمیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں چھاپے مارے اور اس دوران مجرمانہ مواد ضبط کیا گیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک اہم کارروائی میں بارہمولہ پولیس نے 25 مارچ کو اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے جلال صاحب علاقے میں چھاپہ مارا جس دوران مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپہ مار کارروائی قابل اعتماد انٹلی جنس معلومات کی بنیاد پر انجام دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ الطاف احمد کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم نے ایس ایچ او بارہمولہ رسبھ شکلا اور ڈی او اولڈ ٹاؤن کے ساتھ مل کر کالعدم تنظیم مسلم لیگ کے رکن عرفان احمد کبابی کی رہائش گاہ پر تلاشی کی کارروائی انجام دی۔انہوں نے کہا کہ یہ تلاشی کارروائی یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر 12/224 میں انجام دی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران مسلم لیگ کے پوسٹرز اور شناختی کارڈ جیسے اشتعال انگیز مواد کو قبضے میں لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ مواد کے ماخذ اور مقصد کا پتہ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بارہمولہ پولیس قانون کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام سے تعاون کرنے اور امن اور قومی سالمیت کو خطرہ بننے والی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع دینے کی اپیل کرتی ہے۔
