امدادی اقدامات کا جائیزہ لیا ، حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی
اننت ناگ:وزیر برائے صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج تباہ کُن آگ کے واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے کڈی پورہ اننت ناگ کا دورہ کیا ۔ ایم ایل اے پیر زادہ محمد سید ، عبدالمجید لارمی اور الطاف احمد وانی ، ڈی سی اننت ناگ اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران بھی وزیر موصوفہ کے ہمراہ تھے ۔ اس دورے کے دوران سکینہ ایتو نے متاثرین کے ساتھ ذاتی طور پر بات چیت کی اور جاری امدادی اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے انہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکنہ مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر یہ ٹیم آپ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یہاں موجود ہے ۔ ہماری حکومت آپ کو اس المناک نقصان پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ذاتی طور پر امدادی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور لگاتار ضلعی انتظامیہ سے مستقل رابطے میں ہیں تا کہ آگ کے اس تباہ کُن واقعے کی زمینی تفصیلات حاصل کر سکیں ۔ وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو بحالی کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور فوری طور پر عارضی پناہ گاہ ، کھانے کی فراہمی اور مالی امداد سمیت متاثرین کو تعمیر نو میں مدد کیلئے امداد کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بھی کہا کہ وہ نقصانات کا مکمل جائیزہ لیں اور متاثرہ گھرانوں کو معاوضہ جلد فراہم کریں ۔ بعد ازاں وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی بھی صدارت کی اور امدادی عمل کے ساتھ ساتھ فوری بحالی کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ وہ ان متاثرین کیلئے مناسب بستر اور دیگر ضروری چیزوں کا بندوبست کریں ۔