سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق معمولی نوعیت کی تبدیلی کو چھوڑ کر وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں معمول کا کام جاری رکھنے کی صلاح دی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 21 سے 25 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران 25 مارچ کی شام کو کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں
انہوں نے کہا کہ 26 اور 27 مارچ کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ 28 سے 31 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہےان کا کہنا ہے کہ اس دوران کہیں کہیں مختصر بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹرں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں جبکہ کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں معمول کے آپریشنز جاری رکھنے کی صلاح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی میں سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں بھدرواہ سرد ترین مقام رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
دریں اثنا وادی میں جمعہ کو بھی صبح سے ہی مطلع صاف رہا اور اس دوران خوشگوار دھوپ بھی کھلی رہی جس سے لوگوں کو مختلف مقامات جیسے پارکوں، صحنوں میں بیٹھے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ کسان اپنے کھیت کھیلانوں میں مختلف کاموں کے ساتھ مصروف نظر آئے۔