سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے کولگام میں ایک پولیس افسر کے عوام کے ساتھ برتاؤ کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اس واقعے میں تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) جنوبی کشمیر کو تحقیقات کرنے اور 10 دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے کشمیر زون پولیس کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا، ‘ کولگام میں ایک پولیس افسر کا عوام کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آیا ہے’۔انہوں نے کہا، ‘ ہم نے کل کے واقعے اور افسرکے طرز عمل سے متعلق الزامات کا نوٹس لیا ہے
‘۔پوسٹ میں مزید کہا گیا، ‘ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اس کی انکوائری کریں گے اور 10 دنوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں گے’۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں گذشتہ ماہ تین نوجوان لاپتہ ہوئے جن میں سے دو بھائیوں کی لاشیں ویشو نالے سے بر آمد کی گئیں جبکہ تیسرے کی تلاشی وسیع پیمانے پر جاری ہے۔اتوار کے روز مقامی لوگوں نے اس واقعے کے خلاف احتجاج درج کیا۔