منگل, مارچ ۲۵, ۲۰۲۵
15.9 C
Srinagar

جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن کا سری نگر میں مطالبوں کو لے کر احتجاج

سری نگر: جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے جمعرات کو یہاں اپنے مطالبوں کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ‘ہماری مانگیں پوری کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے میڈیا کو بتایا: ‘حال ہی میں جموں و کشمیر اسمبلی میں بجٹ پیش کیا گیا لیکن اس میں جسمانی طور معذور افراد کو نظر انداز کیا گیا’۔انہوں نے کہا: ‘یہ بجٹ ان وعدوں اور یقین دہانیوں کے برعکس ہے جو ہمارے ساتھ کئے گئے تھے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم 3 ہزار روپیہ ماہانہ پنشن، روزگار اور دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے تھے لیکن ان میں سے کوئی مطالبہ پورا نہیں کیا گیا’۔


موصوف صدر نے سرکار سے بجٹ پر نظر ثانی کرنے اور ارکان اسمبلی سے ان کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا: ‘اگر ہمارے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو ہم اپریل کے پہلے ہفتے سے ایک طویل المدتی دھرنے پر بیٹھیں گے۔جاوید احمد ٹاک نامی پدم شری ایوارڈ یافتہ احتجاجی نے کہا: ‘ہمارے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان کو پورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہم سب دل شکستہ ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس نے 3 ہزار روپیہ ماہانہ پنشن دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن ہمارے پنشن میں صرف 250 روپیوں کا اضافہ کیا گیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم کوئی مزدوری نہیں کر سکتے ہیں ہم سب سے غریب طبقہ ہیں، ہمیں سب سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img