پیر, مئی ۱۲, ۲۰۲۵
13.8 C
Srinagar

جاوید احمد رانا کا راجوری ۔ پونچھ دورے کا اِختتام

بالا کوٹ میں عوامی رَسائی کیمپ کے ساتھ کیا
کہا ، عوامی رسائی کیمپ حکومتی فیصلوں کی کارکردگی اور شفایت کو بہتر بناتے ہیں
بالاکوٹ(پونچھ)/وزیر جاوید احمد رانا نے لوگوںسے رابطہ قائم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے آج بالاکوٹ میں عوامی رسائی سرگرمیاں انجام دیں اورمتعدد وفود سے ملاقات کی ۔عوامی وفود نے وزیرموصوف کو اَپنے مسائل اور مطالبات گوش گزار کئے۔اِس کیمپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفی ملک، سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر، مختلف ضلعی اور سیکٹورل افسران اور مختلف علاقوں کے لوگوںنے شرکت کی۔عوامی رَسائی کیمپ کے دوران وزیر نے متعدد وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اہم مسائل کو اُجاگر کیاجن میں بالاکوٹ میں ایک گورنمنٹ ڈگری کالج اور گرلز ہائی سکول کا قیام، مختلف تعلیمی اِداروں کی اَپ گریڈیشن، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا، علاقے کے لئے فائر اور ایمرجنسی گاڑیوں کی فراہمی، سڑک کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، ماڈل ریذیڈنشل سکول کاقیام، بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، قبائلی کمیونٹیوںکی فلاح و بہبود، کھینتر بسونی سکیم، واٹر سپلائی سکیم دیوتا سنگیال کی بروقت تکمیل، واٹر سپلائی سکیم نلوئی کی اپ گریڈیشن، پانی کے ہینڈ پمپوں کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی ضروریات شامل ہیں۔وزیر موصوف نے وفود کو یقین دِلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو مقررہ وقت میں حل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔جاویداحمد رانا پانچ روزہ دورے پر پیر پنجال ریجن میں تھے جہاں اُنہوں نے منکوٹ، مینڈھر میں عوامی کیمپ منعقد کئے تاکہ لوگوں کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا جا سکے اور اُنہیں حکومتی پالیسیوں میں ترجیح دی جا سکے۔اُنہوں بالاکوٹ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فعال حکمت عملی اور معیار ِزندگی کو بہتر بنانے کے لئے ان کی ضروریات کو اوّلین ترجیح دینے پر زور دیا۔جاوید احمد رانانے علاقے کے لئے کئی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا جن میں تحصیل آفس کمپلیکس اور ڈاکٹروں کی رہائشی کوارٹروں کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے کی اہم سرمایہ کاری شامل ہے۔ اِس کے علاوہ، گھمبر گلی میں دو گیسٹ ہاؤسز بنانے کا منصوبہ بھی سیاحت کو فروغ دینے کی جانب ایک فعال قدم ہے۔اُنہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر سننے اور حل کرنے کی واضح ہدایت دی ہے اور ہماری حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرنے کے لئے پرعزم ہے۔‘‘
وزیر موصوف نے کہا کہ عوامی شکایات سننے کے لئے رسائی کیمپ حکومت کے اقدامات کا حصہ ہے تاکہ شہریوں کی آواز براہ راست سنی جائے اور ان کے مسائل حل کئے جا سکیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’کمیونٹی کی شمولیت سے فیصلہ سازی کی شفافیت اور مؤثریت میں بہتری آتی ہے۔ یہ حکومت کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دیتی ہے اور مقامی کمیونٹیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسائل کا نقشہ تیار کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘‘اُنہوں نے بالاکوٹ بلاک اور دیگر علاقوں میں غیر مربوط بستیوں کو ہر موسم میں سڑک سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا اور پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت اہل بستیوں اور راستوں کی نشاندہی کے لئے سروے کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ افراد کو ہائی سکول بالاکوٹ میں پینے کے پانی کے مناسب اِنتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔جاوید احمد رانانے بلاک میں جل شکتی محکمہ اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے لئے بھی اہداف مقرر کئے اور افسران پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں تاکہ تمام کام وقت پر مکمل ہوں۔وزیرموصوف کی کوششیں ان کے پہلے کئے گئے وعدوں سے ہم آہنگ ہیں جہاں انہوں نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کی اور وفود کو اپنی کمیونٹیوں کی مجموعی فلاح و بہبود کے لئے مسائل اُجاگر کرنے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی تکنیکوں پر فوری کارروائی کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس اہم وسائل کی حفاظت اور تحفظ کے لئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا ،’’موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر پانی کی کمی کا لوگوں کی زندگیوں پر بہت بڑا اثر پڑتا ہے۔ پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے اور پانی کے وسائل بھی خشک ہو رہے ہیں۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لئے تیزی سے اور اِجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
وزیر نے آؤٹ ریچ اقدام کے تحت جموں و کشمیر محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ شجرکاری اوربیداری مہم میں بھی شرکت کی۔ اس مہم کا مقصد شجرکاری کی کوششوں میں عوام کی شمولیت کو فروغ دینا اور ماحولیاتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img