جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
10.6 C
Srinagar

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رمضان المبارک کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

اَفسران کو بغیر کسی رُکاوٹ کے سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی

ضلع ترقیاتی کمشنروں کو شکایات کے فوری اَزالے کیلئے ڈِسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت

سری نگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں کل سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے مقد س مہینے کے لئے کئے گئے اِنتظاما ت کا جائزہ لیا گیا۔اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ عوام اَپنی منتخب حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اِس مقدس ماہ کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنے کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کرے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ کل سے شروع ہو رہا ہے اور عوام حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس مقدس مہینے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کرے گی۔اُنہوں نے کہاکہ اہم محکمے بالخصوص بجلی محکمہ اَپنی خدمات فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں جس کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ اُنہوں نے ہدایت دی ،’’ لوگ چاہتے ہیں اور ہمیں اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی بندش نہ ہو۔ اگر کسی ضروری مرمت یا شٹ ڈاؤن کی ضرورت ہو تو اسے پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت دن کے وقت کیا جائے۔ اِسی طرح اگر کسی جگہ مرمت کا کام درکار ہو تو اسے بھی دِن کے وقت مکمل کیا جائے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کے نظام میں درپیش کسی بھی مسئلے یا خراب ٹرانسفارمروں کو فوری طور پر حل کریں تاکہ بجلی کی فراہمی میں خلل نہ آئے۔
اُنہوں نے پانی کی فراہمی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برف باری اور بارشوں سے صورتحال میں بہتری آئی ہے، لیکن اس کے باوجود گھریلو صارفین کو وافر مقدار میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔
اُنہوں نے کہا، ’’اللہ کے فضل و کرم سے گزشتہ چند دنوں کی بارشوں سے اس حوالے سے کافی بہتری آئی ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ صفائی بالخصوص مساجد، خانقاہوں، ٹریفک اِنتظامات اور سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی توجہ دیں۔
اُنہوں نے کہاکہ آئی جی جموں اور آئی جی کشمیر دونوں نے سیکورٹی مسائل پر توجہ دی ہے۔ اُنہوں نے عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل عملے کے ساتھ فعال ڈِسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کریں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’ہم سب کی مشترکہ کوشش یہ ہونی چاہیے کہ عوام کے لئے ایک آسان اورپریشانی کے بغیر رمضان کو یقینی بنایا جائے۔تمام ضروری اِنتظامات کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اتل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم شانت منو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی شالین کابرا، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، تمام انتظامی سیکرٹریوں، صوبائی کمشنر کشمیر و جموں، انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر و جموں،ضلع ترقیاتی کمشنروں، کمشنر جے ایم سی، کے پی ڈی سی ایل اورجے پی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹروں، اہم محکموں کے سربراہان اور جوائنٹ ڈائریکٹر ایس ایم سی نے شرکت کی۔
اِس سے قبل صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے رمضان المبارک کے لئے کئے گئے اِنتظامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
میٹنگ میں سحری اور افطاری کے وقت بجلی کی طلب، پانی کی فراہمی، مذہبی اور عوامی مقامات کے گرد صفائی ستھرائی، مارچ کے لئے راشن کی تقسیم، ٹریفک تعیناتی کے منصوبے، پولیس سیکورٹی اِنتظامات اور مشترکہ مارکیٹ معائینوںکے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img