شوکت ساحل
سرینگر: نوجوان کشمیری کاروباری، ادیب اور شاعر عارف شفیع خانیاری نے جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وہ اپنی کمپنی(Elvania Energies 369 Private Limited (EE3PL))کے تحت ایک جدید(ای وی۔ٹووہیلر)متعارف کروا رہے ہیں، جو ایک خود چارج ہونے والا اسمارٹ الیکٹرک اسکوٹر ہوگا۔ یہ گاڑی (Eli )برانڈ کے تحت تیار کی گئی ہے اور اس کی باضابطہ لانچنگ 7 سے 9 مارچ 2025 کے دوران چندی گڑھ کے سیکٹر 34 کے ایکزبیشن گراوئوڈ میں کی جائے گی۔

EV ٹو وہیلر کی جدید خصوصیات
عارف شفیع کی کمپنی(Elvania Energies 369 Private Limited (EE3PL)) نہ صرف ای وی ٹو وہیلر تیار کر رہی ہے بلکہ لیتھیم بیٹریز کی پروڈکشن میں بھی مہارت رکھتی ہے۔ ان کی تیار کردہ اسمارٹ الیکٹرک گاڑی کی خاصیت یہ ہے کہ اسے خارجی چارجنگ یونٹ کی ضرورت نہیں، بلکہ یہ جدید خودکار چارجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے خود ہی اپنی توانائی بحال کر سکتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ای وی گاڑیوں کے لیے الگ سے چارجنگ اسٹیشنز کا مسئلہ بھی کم ہو سکتا ہے، جو کہ ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتا ہے۔


نوجوان کشمیری کاروباری کی کامیابی کی کہانی
عارف شفیع خانیاری کشمیر سے تعلق رکھنے والے پہلے نوجوان ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ ان کی تعلیمی اور کاروباری کامیابیوں کی فہرست خاصی طویل ہے۔ وہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد سے اردو میں ماسٹرز کر چکے ہیں، جبکہ انہوں نے جموں و کشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (JKEDI) سے کاروباری حکمت عملی میں ڈگری حاصل کی۔
بین الاقوامی شناخت اور اعزازات
عارف شفیع نے 2016 میں Entrepreneur’s School of Success Global Pvt Ltd (ESOS GLOBAL) کی بنیاد رکھی، جو نیپال اور بھارت میں اسٹارٹ اپس کی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ان کے کاروباری خیالات اور اختراعات کو کئی اہم شخصیات نے سراہا، بشمول اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف، جنہوں نے عارف کی انٹرپرینیورشپ میں خدمات کو باقاعدہ اعترافی سند سے نوازا۔
شاعری اور ثقافت سے لگائو
کاروبار کے علاوہ، عارف شفیع شاعری اور ادب میں بھی مہارت رکھتے ہیں یعنی ان کی روح ادب نواز ہے۔ وہ اردو غزلیں اور آزاد نظمیں تخلیق کرتے ہیں، جو کشمیری ثقافت اور احساسات کا خوبصورت امتزاج پیش کرتی ہیں۔
کشمیر کا پہلا جیولری برانڈ بھی لانچ کیا
عارف شفیع نے کشمیر کی ثقافتی دستکاری کو دنیا تک پہنچانے کے لیے "Ali’s de Jewels” کے نام سے وادی کشمیر کا پہلا جیولری برانڈ بھی متعارف کرایا۔ یہ برانڈ کشمیری ہنر اور جدید ڈیزائن کو یکجا کرکے عالمی مارکیٹ میں ایک منفرد مقام بنا رہا ہے۔
مستقبل کے عزائم
عارف شفیع کا خواب ہے کہ وہ موبلٹی، توانائی اور انٹرپرینیورشپ کے شعبے میں مزید اختراعات لے کر آئیں۔ ان کی کمپنی Elvania Energies آنے والے وقتوں میں مزید خود چارج ہونے والی گاڑیاں اور سمارٹ توانائی کے حل متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایشین میل ملٹی میڈیا پروگرام ’یوتھ ایچیورس‘ میں عارف شفیع خانیاری کے خیالات
ایشین میل ملٹی میڈیا کے پروگرام ’یوتھ ایچیورس‘ میں عارف شفیع خانیاری نے اپنی کمپنی(Elvania Energies 369 Private Limited (EE3PL)) اس کے جدید (ای وی۔ٹووہیلر)پروجیکٹ کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد موبلٹی اور توانائی کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہے، اور ان کی کمپنی کی تیار کردہ خود چارج ہونے والی ای وی ٹیکنالوجی مستقبل میں چارجنگ انفراسٹرکچر پر انحصار کم کر سکتی ہے۔

اس موقع پر عارف شفیع نے مزید کہا کہ’اختراع اور جدت ہی ترقی کی کنجی ہے۔ اگر ہم اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو کوئی بھی چیلنج ناممکن نہیں۔‘انہوں نے اپنی کامیابی کو محض ایک شروعات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اگلا ہدف مزید توانائی کے جدید حل متعارف کروانا ہے، جو نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی کارآمد ثابت ہوں۔
انہوں نے اپنے اسمارٹ الیکٹرک اسکوٹر کی سیکیورٹی فیچرز پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ:” اگر کوئی اس اسکوٹر کو چوری کرنے کی کوشش کرے، تو اس کی بیٹری خودکار طور پر ڈیڈ ہو جائے گی، یعنی چور اسے کہیں لے جانے کے قابل نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی، چوری کی صورت میں اسمارٹ الارم سسٹم متحرک ہو جائے گا، جو مالک کے موبائل فون پر فوری الرٹ بھیج دے گا۔‘عارف شفیع نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ ’اختراع اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم دنیا میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ ہمارا مقصد صرف کاروبار نہیں، بلکہ ایک ایسا نظام بنانا ہے جو محفوظ، پائیدار اور جدید ہو۔‘





